کراچی : حکومت سندھ نے سندھ آرمز ترمیمی بل دوہزار سولہ منظور کرلیا ہے، شناختی کارڈ اور دیگر کوائف کے بغیر فروخت پر پابندی لگادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اسلحہ فروخت کی غیر محفوظ فروخت ختم کردی، سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نے سندھ آرمزترمیمی بل دوہزار سولہ ایوان میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
ترمیمی بل کے مطابق اسلحہ ڈیلر خریدار کے تمام دستاویزات کا ریکارڈ رکھنے کا پابند ہوگا، فروخت کے فوری بعد دو آزمائشی فائر کرکے خول فارنزک لیب میں جمع کرانے ہوں گے۔
بل کے مطابق ڈیلر ہتھیار فروخت کرنے سے پہلے نادرا سے تصدیق شدہ انگوٹھے کا نشان لینے کا بھی پابند ہوگا جبکہ ہتھیاروں کیلئے بیلسٹک دستخط لازمی قرار دی گئی ہے۔
سندھ آرمز ترمیمی ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔