ممبئی: بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان بھی پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے ہندو انتہا پسندوں کے خلاف بول پڑے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سرحد پار ٹیلنٹ کے لیے کھلی ہے۔
سیف علی خان بھی اب ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف سامنے آگئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سرحد پار ٹیلنٹ کے لیے بھی کھلی ہے جب کہ سرحد پارٹیلنٹ کےلیے کام کی اجازت دینے کا فیصلہ صرف بھارتی حکومت کو کرنا چاہیے۔
سیف علی خان نے کہا کہ ہم آرٹسٹ ہیں صرف محبت اور امن کی بات کریں گے، پاکستانی فنکار امن کا پیغام دے رہے ہیں جب کہ پاکستانی اداکاروں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے سے جو ثقافت دکھتی ہے اسے پروان بھی چڑھنا چاہیئے جب کہ کام کرنے کی اجازت کس کو دینی ہے کس کو نہیں یہ فیصلہ حکومت کو قانون کے تحت کرنا چاہیے۔
دوسری جانب بالی ووڈ اداکار اوم پوری نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت سے نکالنے کا کسی کو حق نہیں ہے، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کہے اس کو نکال دو اور اس کو نکال دو،پاکستانی فنکاروں کوبھارت میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔