کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 22 اگست کو جو متحدہ کو حلوہ سمجھ کر ہڑپ کرنا چاہتے تھے 23 اگست کے ہمارے اقدام نے ان کے دانت کھٹے کردیے
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں جنرل ورکرز اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا مہاجر عوام متحد و منظم ہیں، جو نادان دوست چوہدری بننا چاہتے ہیں ان کی حسرت ، حسرت ہی رہے گی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے 100 اینٹ کی مسجد کو اسی طرح قائم و دائم رکھنا ہے اگر ہمارا اتحاد اسی طرح متحد و منظم رہے گا تو کوئی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کو جو متحدہ کو حلوہ سمجھ کر ہڑپ کرنا چاہتے تھے 23 اگست کے ہمارے اقدام نے ان کے دانت کھٹے کردیے۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب اور فیصل سبزواری نے بھی خطاب کیا، رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے کہا کہ بکھیری ہوئی قوم کبھی بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوتی ہے اس لیے ہم سب کو متحد اور یکجا ہونا ہوگا تاکہ ہم اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کر سکیں، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ سرزمین پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کی جدوجہد کرنی ہوگی۔