اسلام آباد:وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ صحافی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے،نام نکالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تحقیقات مکمل ہونے تک صحافی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل رہے گا۔
نمائندہ اسلام آباد ذوالقرنین حیدر کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ متنازع پریس رپورٹ کی انکوائری مکمل ہونے تک ڈان اخبار کے صحافی سرل المائڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس سلسلے میں بلاجواز قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ سرل المائڈا نے تحقیقات کا اعلان ہوتے ہی دبئی کی فلائٹ بک کرالی تھی جن افرادکا اس انکوائری سے تعلق ہے انہوں نے اگر بیرون ملک جانے کی کوشش کی تو ان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا جائے گا انکوائری آئندہ دو سے تین دن میں مکمل ہوجائے گی۔
صحافی کو کوئی بیان جاری نہیں کیا، ترجمان وزیراعظم ہاؤس
اسی حوالے سے ایک اور نمائندہ اسلام آباد اظہر فاروق نے بتایا کہ وزیراعظم ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز صحافی سرل المیڈا کو جاری نہیں کی گئی، یہ کہنا بے بنیاد ہے کہ وزیراعظم ہائوس نے بیان صحافی کو دیا۔