کراچی : صدر میں واقع کراچی کی اہم صنعتی مارکیٹ گل سینٹر کی عمارت میں آگ لگنے کے باعث پندرہ دکانیں جل کر خاک ہو گئیں،تا حال آگ لگنے کی حتمی وجہ کا علم نہیں ہو سکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ کی پہلی منزل پرآج صبح آگ لگ گئی تھی جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا اور تین گھنٹوں کی مسلسل کاوشوں کے بعد آگ پر قابو پالیا تا ہم اس دوران 15 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں،آگ بجھنے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے
ذرائع کے مطابق آتشزدگی اتنی خوفناک تھی کہ شعلے آسمان کی جانب لپک رہے تھے اور دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا تھا جب کہ مارکیٹ متصل مسجد میں بھی دھواں بھر گیا تھا جس کے باعث پلازہ کی اوپری منزل کو خالی کروالیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی جس سے پندرہ دکانیں جل گئیں ہیں، جگہ کی تنگی اور روشنی کا موثر انتظام نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں دقت کا سامنا رہا تاہم فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں بمعہ عملہ کے آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا، کولنگ کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دے دیا جائے گا۔
عمارت کے چوکیدار کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے کچھ دیر قبل ہی کے الیکٹرک کا عملہ قریب ہی مرمتی کام کرکے گیا تھا جس کے کچھ ہی دیر بعد عمارت سے پٹاخوں کی آواز آئی تھی اور شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی تھی۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے آتشزدگی کے واقعے سے متلعق تفصیلات طلب کرتے ہوئے کمشنر کراچی سمیت معتلقہ افسران سے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور امدادی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
واضح رہے گل پلازہ کا شمار شہر کے مصروف ترین اور بڑے شاپنگ مالز میں ہوتا ہے جہاں خریداروں کی بڑی تعداد اپنی ضروریات کی اشیاء کی خرید کے لئے آتیں ہیں، اس پلازہ میں کئے بڑے تاجروں کی دکانیں ہیں۔