دبئی : پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 56 رنز سے تاریخی شکست دے دی۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کوایک صفر کی برتری مل گئی، محمد عامر نے تین یاسرشاہ اورمحمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ اظہرعلی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دے کر اپنا 400 واں ٹیسٹ میچ جیت لیا، پاکستان ڈے نائٹ ٹیسٹ جیتنے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 289 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈیرن براوو نے ٹیم کی جیت کیلئے بہت کوشش کی۔
کھیل کے پانچویں روز پاکستان کو جیت کیلئے نو وکٹیں اور ویسٹ انڈیز کو دوسو اکیاون رنز درکار تھے، لیکن عامر نےپہلی ہی گیند پرخطرناک سیموئلز کو پویلین بھیج دیا۔
محمد نواز نے بلیک ووڈ کو چار رنز پر چلتا کیا۔ ڈیرن براوؤ اور چیس کی شراکت پاکستان کے خطرہ بننے ہی والی تھی کہ یاسرشاہ کی گھومتی گیند اپنا کام دکھاگئی۔
دو گیندوں بعد ہی وہاب کی ریورس سوئنگ نے بلے باز کا کام تمام کیا۔ وکٹیں گرتی رہیں لیکن براؤو پاکستان کے لئے درد سر بنے رہے،
براوو مشکل وقت میں وکٹ پر کھڑے رہے اور نہایت عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری اسکور کی، لیکن ان کی سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔ڈیرن براوو نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے۔
براؤو کےآؤٹ ہوتے ہی ٹیل اینڈرز نے زیادہ مزاحمت نہ کی۔ پاکستان نےمیچ چھپن رنز سے جیت کرچار سوویں میچ کو یادگار بنادیا۔ شاندار ٹرپل سنچری پر اظہر علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان کاچار سو واں ٹیسٹ میچ گلابی گیند کے نام رہا، تاریخی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو یادگار فتح حاصل ہوئی، اظہرعلی نے ریکارڈ ٹرپل سنچری اسکور کی، یاسر شاہ نے کم ٹیسٹ میچز میں سو وکٹوں کاریکارڈ۔ توڑ ڈالا۔
دوسری اننگز میں محمد عامر 3، یاسر شاہ اور محمد نواز نے 2، 2 جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔