کوئٹہ : بلوچستان میں اے این یف اور سیکورٹی اداروں کے چھاپوں میں برآمد دو سوباون ٹن منشیات جلا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات کو جلانے کی تقریب کوئٹہ کے علاقے کچ موڑ میں منعقد کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس کے علاوہ آفسران اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران 252ٹن منشیات نذر تش کی گئی، جس میں ، چرس افیون ، ہیروئن، مارفین ، بھگ اور شراب شامل تھی۔
نذر آتش کی جانے والی منشیات اے این ایف ، ایف سی اور پولیس سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کی جانب سے صوبے کے مختلف علاقوں سے برآمد کی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر منشیات کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں : کوئٹہ: چرس اور گٹکا کی بھاری تعداد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
اے این ایف کے مطابق جلائی گئی منشیات کی مالیت عالمی مارکیٹ میں کھربوں روپے تھی، اے این ایف کے کمانڈنٹ کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران گرفتار41 منشیات اسمگلروں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔