ابوظہبی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنالیے، یونس خان نے 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسد شفیق 68 رنز بناسکے اور مصباح الحق 90 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر تین سو چار رنز بنالیے ہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ابتدائی سیشن میں پاکستان ٹیم کو جھٹکا دیا۔ اوپنرز اظہر علی اور سمیع اسلم بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
اوپننگ پر آنے والے سمیع اسلم 6 رنز جبکہ پہلے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے اظہر علی دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے کھیل میں صفر پر ہی آوٹ ہو گئے، اسد شفیق نے جم کر کھیلا اور نصف سنچری بنائی،
یونس خان ایک اینڈ سے اسکور بڑھاتے رہے، تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے کیرئیر کی تینتیسویں سنچری اسکور کی، مصباح الحق نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، ایک سو ستائیس رنز پر یونس خان کی وکٹ ویسٹ انڈیز کو مل ہی گئی۔
تین سو چار رنز اور چار کھلاڑی آؤٹ پر پاکستان ٹیم نے پہلے روز کا اختتام کیا۔ کپتان مصباح الحق نوے رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے وکٹ پر موجود ہیں۔
ابوظہبی کے گراؤنڈ میں قومی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے۔ ابوظہبی میں مصباح الحق کا ٹاس جیتتے ہی موڈ بدل گیا۔ کمینٹر نے ان سے سوال کیا کہ ٹاس جیت کر کیا کریں گے۔
مصباح نےحاضر جوابی سے الٹا ان ہی سے پوچھ لیا۔ آپ ہی بتائیں ہم کیا کریں۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ یونس خان کی واپسی پر بابر اعظم کو جگہ چھوڑنی پڑگئی۔
وہاب ریاض اور محمد عامر کو ریسٹ دیا گیا۔ ان کی جگہ ذوالفقار بابر اور راحت علی کو شامل کیا گیا۔ ابوظہبی کے گراؤنڈ میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔
شاہین یہاں اب تک کوئی ٹیسٹ نہیں ہارے۔ پاکستان نے آٹھ ٹیسٹ کھیلے چار جیتے اور چار ڈرا ہوئے۔ سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ مصباح الحق سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔