پھول نگر : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور لوگ سڑکیں بند کر نے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس سے پتا چل جاتا ہے کہ کون عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہے اور کون انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔
یہ بات انہوں نے پھول نگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کئی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان بھی کیا اور اس سلسلے میں ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا اعلان کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ جو لوگ ملک میں ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں ان کی سیاست کے خاتمے کا دن قریب ہے بس چند روز کی بات ہے اور ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے پھول نگر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھول نگر کے عوام اطمینان رکھیں کیونکہ آپ کی حکومت نہ صرف یہ پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔
میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میں حاضر ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے بہت عرصے سے پھول نگر آنے کی خواہش تھی اور آج لوگوں کا جذبہ دیکھ کر اپنی خوشی کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ہیں،آپ لوگوں نے کبھی بے وفائی نہیں کی اور ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اتنا بڑا جلسہ کرنے کے لیے ہمارے مخالفین کو دو دو ماہ سخت محنت کرنا پڑتی ہیں پھر بھی اتنی عوام اکٹھے نہیں کر پاتے ہیں کیوں کہ وہ لوگوں کے لیے نہیں اپنی ذاتی تشہیر اور سیاست چمکانے کے لیے لوگوں کو استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی پروجیکٹس کے گواہ ذی شعور آدمی ہیں،آج کا پاکستان 2013 سے کہیں بہتر ہے،اقتصادی ترقی اور معاشی بحالی اپنے منزل کی جانب سے رواں دواں ہے اور انشاء اللہ 2018ء کا پاکستان آج سے بھی کہیں بہتر ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی آ چکی ہے اور انشاءاللہ 2018ء میں نہ صرف یہ کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی بلکہ اس کی قیمت بھی کم ہوجائے گی، عوام کو ترقی اور بہبود کے تحفے دیتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اٹک قلعے جیسی جیل کاٹی ہے لیکن عمران خان نے کبھی جیل کا دروازہ بھی نہیں دیکھا۔ جب ہم فوجی آمروں کی جیلیں کاٹ رہے تھ تو یہ ان کے جاری ریفرنڈم کی حمایت کر رہے تھے۔ میں نے تین سال پہلے جو خواب دیکھا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ اس خواب کی تعبیر کا وقت آ گیا ہے اور آج طلوع سحر کے آثار صاف دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 1999 میں موٹر وے کا آغاز کیا تھا جسے ملک کے ہر بڑے شہر تک جانا تھا لیکن ہماری حکومت ختم کردی گئی اور موٹر وے پروجیکٹ کو سرد خانے کی نذر کردیا گیاتھا،آخر پرویز مشرف نے اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک کیوں نہیں پہنچایا اور اتنے اہم پراجیکٹ کو ختم کر کے پاکستان کو کیوں نقصان پہنایا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ 141 میں گیس کی فراہمی کے لیے 100 کروڑ روپے، حلقہ 142 کے لیے 50 کر وڑ روپے، نہری پانی کے لیے 30 کروڑ روپے، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 183 اور 184 پھولنگر میں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔