لاہور: وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے اور شہر بند کرنے والے ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق لاہورمیں ترکی کے 93ویں قومی دن پر ترک سفیر کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ترک صدر کی ایک کال پر ترک عوام نے فوجی بغاوت کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ترکی دنیا کا ترقی یافتہ ملک بن چکا ہے۔ترکی صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ہمیں تعاون فراہم کررہا ہے۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ آج پاکستان میں دھرنوں کے ذریعےملک کی ترقی اور خوشحالی کا دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام اس کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
مزید پڑھیں:موجودہ ہی نہیں اگلے 5 برس بھی مکمل کریں گے،نواز شریف
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھاکہ ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور لوگ سڑکیں بند کر نے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس سے پتا چل جاتا ہے کہ کون عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہے اور کون انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے پھول نگر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اطمینان رکھیں کیونکہ آپ کی حکومت نہ صرف یہ پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔