کراچی: کورکمانڈر لیفٹینینٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ شہر قائد میں امن کو پائیدار بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کے شہداء نے بھی اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار نے سنیٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا. اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے نظام اوراس سے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی دی۔
اس موقع پر کورکمانڈرنے شہدائے سندھ پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیئےدیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کے شہداُ نے بھی اپنے خون کا نزرانہ پیش کیا۔
لیفٹینینٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہرطرح کے دباؤ اورمداخلت سے آزادی ہی پولیس کی بہترکارکردگی کویقینی بناسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت کے مطابق پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیئے پاک آرمی ہرطرح کا تعاون اور مدد جاری رکھے گی۔
قبل ازیں کورکمانڈرلیفٹینینٹ جنرل نوید مختار کی آمد پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے انکا استقبال کیا پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی. کورکمانڈر نے شہدائے سندھ پولیس کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔