اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خرم نواز گنڈا پور اور نعیم الحق میں صلح کرادی، ان کا کہنا ہے کہ دونوں کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ لڑائی ختم کرادی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نعیم الحق اور خرم نواز گنڈاپور کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کا ڈراپ سین ہوگیا۔
دونوں رہنماؤں میں صلح کرادی گئی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے صلح کرانے میں اہم کردا رادا کیا ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما سمجھدار ہیں، دونوں میرے بھائیوں کی طرح ہیں دونوں لیڈر ہیں، دونوں کی لیڈر شپ نے یہ فیصلہ کیا ہے لڑائی ختم کردی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو جانے دیں۔ آپ سے بھی درخواست ہے کہ اس حوالے سے مزید سوالات نہ پوچھیں، سب سے پہلے ملک ہے ایسی باتوں پر توجہ نہ دی جائے، غلطیاں انسان سے ہو ہی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید سوالات سے بچنے کے لیے لائن کاٹ دی ، دریں اثناء اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے بھی کہا ہے کہ اس معاملے پر مزید بات نہ کی جائے۔