کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران مسجد و امام بارگاہ کے تقدس کا پورا خیال رکھا جاتا ہے عوام اس حوالے سے پھیلائی جانے والی منفی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ رینجرز تلاشی کے دوران مساجد،امام بارگاہ اور دینی مدارس کے احترام کا مکمل خیال رکھتے ہیں تا ہم سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی تصاویر کا اجراء کرکے غلط تاثر دیا جارہا ہے جس کا مقصد صرف آپریشن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر رینجرز کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے،ایسا مواد شائع کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔
ترجمان رینجرز نے شہریوں سے کسی بھی پروپیگنڈے پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی بھی مشکوک حرکت اور شر پسندوں کی اطلاع رینجرز کی دی گئی ہیلپ لائن پر دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رضویہ سوسائٹی میں ایک مذہبی مقام کی تلاشی کے دوران کی منفی تصاویر کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے بڑھا چڑھا کر سوشل میڈیا پر پھیلا کر ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی تھی جیسے رینجرز مذہبی مقامات کی بے حرمتی کر رہی ہو۔
تا ہم رینجرز حکام کی جانب سے ایسی مذموم کوشش کی مذمت کے ساتھے ساتھ درست تصاویر کو شائع کر کے اصل حقائق عوام تک پہنچا دیے ہیں۔