لاہور : آرمی چیف نے آج گجرانوالہ، کھاریاں اور لاہور میں جاری جنگی مشقوں کا معائنہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی۔ جنرل راحیل شریف آج رات کھاریاں میں جوانوں کے درمیان گزاریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گجرانوالہ، کھاریاں اور لاہور میں مصروف وقت گزارا۔ انہوں نے لاہور میں سینٹرل کمانڈ اور لاہور رینجرز کی جاری تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جوانوں کی حربی صلاحیتوں کا جائزہ لیتے ہوئے تربیت کے معیار اور بلند عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے جوانوں سے خطاب کیا اور ملاقاتیں بھی کیں۔ آرمی چیف نے جوانوں کی اعلیٰ تربیت اور جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ فوجی مشقوں کے دوران دن اور رات کے مختلف جغرافیائی ماحول میں دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
آرمی چیف کو فوجی مشقوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، اس موقع پر سینٹرل کمانڈ کے میکنزائڈ کالمز اور انفینٹری کے دستوں نے رینجرز کے ساتھ مل کر مشقیں کیں۔
مزید پڑھیں: کھاریاں،آرمی چیف نےفوجی مشق کا جائزہ لیا
لاہور میں فوجی دستوں نے جنگی آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا۔ آئی جی ٹریننگ لیفٹیننٹ جنرل قمر باجوہ ، کمانڈر سینٹرل کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل عمر درانی، کور کمانڈر گجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اس موقع پر موجود تھے۔