کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے عوام چندہ اور عطیات دینے سے پہلے اطمینان کرلیں کہیں رقم دہشت گردی میں تو استعمال نہیں ہورہی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 ستمبر 2013 سے شروع ہونے والے آپریشن میں سیاسی و مذہبی عسکری ونگز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،کامیاب آپریشن کے بعد سے ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ترجمان رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چندہ اور عطیات دینے سے پہلے اطمینان کرلیں کہ رقم دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ میں تو استعمال نہیں ہورہی ہے کیوں کہ چند گروہ آپ کے عطیات کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ترجمان رینجرز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی جبریطورپر عطیات کا تقاضہ کرے تو فوری طور پراسکیاطلاع رینجرز ہیلپ لائن پر دی جائے تا کہ جبری چندہ وصول کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکے۔
واضح رہے کراچی میں کئی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے زکوۃ، فطرہ،قربانی کی کھالیں اور عطیات اکھٹا کرنے کا سلسلہ جا ری تھا تا ہم رینجرز کی کارروائیوں کے باعث اب اس میں کافی حد تک کمی آچکی ہے۔