کراچی: شہر قائد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی غفلت اور لاپروائی کے باعث چوہوں کی بھرمار ہوگئی، جس کے باعث مسافروں کا قیمتی بھی غیر محفوظ ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث چوہوں کی تعداد بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جس کے باعث مسافروں کا قیمتی سامان غیر محفوظ ہوگیا ہے۔
علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر بھی چوہوں کا راج ہوگیا ہے اور وہ ہر جگہ دندناتے پھرنے لگے ہیں، ایئرپورٹ پر واقع مسافروں کے گمشدہ سامان رکھنے والی جگہ پر چوہوں کی بھرمار کی وجہ سے وہاں رکھے سامان کو نقصان پہنچانے لگے۔
ہوائی اڈے پر انتظامیہ کی غفلت اور دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے چوہے مسافروں کا قیمتی سامان کترنے لگے اور انہوں نے گمشدہ سامان کے اسٹور میں اپنے ڈیرے جماکر مسافروں کے سامان کو نقصان پہنچانا شروع کردیا ہے، بیگ کو کترنے کے باعث مسافروں کے بیگ کھل جاتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کا قیمتی سامان بھی چوری ہونے لگا ہے۔
نمائندے کے مطابق مسافروں نے سامان کو نقصان پہچانے کے بعد انتظامیہ کو شکایات بھی درج کروائی ہیں تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی ان پر عمل درآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔
اس موقع پر منیجرنثار بروہی نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو مخصوص جگہ الاٹ کی تھی اور اس کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا پی آئی اے کی ذمہ داری ہے ۔