کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ صدر اوروزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر ن لیگ والے مرکز نائن زیرو آکر اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لیے پارٹی سے حمایت مانگتے تھے جبکہ ندیم نصرت نے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کے بعد ن لیگ کے سینیٹر کی تنقید پر ایم کیو ایم لندن اور پاکستان ڈاکٹر عشرت العباد کے دفاع میں بول پڑے، ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نمائندگی کرنے والوں کو زمینی حقائق کا علم نہیں اور نہ ہی سندھ میں اُن کی کوئی نمائندگی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے ن لیگ کے سینیٹر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت اپنے وزیر اعظم اور صدر کے انتخاب کے وقت مرکز آئے اور حمایت کے لیے ہم سے مدد مانگی تھی۔
دوسری جانب ندیم نصرت نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ گورنر پر اگر اعتراض تھا تو پہلے کیوں کیا گیا؟
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی نے انتہائی نامناسب بیان دیا، ن لیگ کی اپنی کشتی بھنور میں ہے سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے، نہال ہاشمی کے ہوتے ہوئے ن لیگ کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔
MQM-London/Pakistan defend Ibad after his removal by arynews
خیال رہے آج صبح نو منتخب گورنر کی تقریب حلف برداری سے قبل ن لیگ کے سینیٹر نہال ہاشمی نے عشرت العباد پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ’’گورنر ہاؤس سے آخری دہشت گرد کو بھی نکال دیا اور یہاں سے ملک دشمنوں کا ڈیرہ ختم کر کے محب وطن لیگیوں کا ڈیرہ قائم کرلیا ہے۔‘‘