کراچی: ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش دفاعی نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے حوالے سے چار روزہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے، نمائش کے ایام میں حسن اسکوائر اور اطراف کی سڑکیں مکمل بند رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش کی آمد کے ساتھ ہی ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے حسن اسکوائر اور اطراف کی سٹرک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل ٹریفک پلان دے دیا ہے، نمائش کے دوران شہریوں سے متبادل راستے استعمال کرنے کی بھی اپیل کردی۔
ایکسپو سینٹر میں ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے موقع چار سو سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ایئر پورٹ، ایکسپو سینٹر اور شارع فیصل پر تعینات کیے جائیں گے اور مزید اضافی نفری کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے بتایا کہ نمائش کے دوران یونیورسٹی روڈ اور ایکسپو سینٹر کے سامنے والی شارع چار روز کے لئے بند ہو گی جبکہ یونیورسٹی روڈ مخصوص اوقات میں کھولا اور بند کیا جائے گا۔
ارم اعوان نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے دوران لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک صہبا اختر روڈ کی جانب سے جائے گا جبکہ متبادل راستے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کی عقبی شاہراہ کو بھی استعمال کیا جائے گا اور شہریوں کو متبادل راستوں سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے ہر سال کی طرح امسال بھی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 رواں ماہ کی 22 سے 25 نومبر تاریخ تک منعقد کی جائے گی۔ اس دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش ایکسپو سینٹر آنے والی سڑکوں کو مکمل بند کیا جائے گا اور سخت سیکیورٹی تعینات کی جائے گی۔