اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کی سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ وہ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسے متنازع وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے جس پر کرپشن کے الزامات ہیں۔
خیال رہے کہ ترک صدر طیب اردگان آئندہ ہفتے 2روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں اور اس دوران حکومت 17 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے پر غور کررہی ہے تاکہ وہ ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرسکیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف ترکی کو ایک ’مخلص دوست‘ اور برادر اسلامی ملک سمجھتی ہے اور پارٹی ترک صدر کے لیے احترام کا جذبہ رکھتی ہے۔
پی ٹی آئی کےنائب چیئرمین نے مرید کہا کہ وہ پاکستان آنے والے ترک صدر سے عمران خان کی قیادت میں ملاقات کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف ترک صدر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کرے گی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔