لاہور: سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے548 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتری بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ننکانہ صاحب میں سکھوں کےروحانی پیشوا بابا گورو نانک کے پانچ سو اڑتالیس ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات جاری ہیں۔عرس میں بھارت سمیت دنیا بھر اور اندرون ملک سے 20 ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں۔
سکھ یاتریوں نے ننکانہ شہر میں واقع اپنے ساتوں گوردواروں کی یاترا بھی کی۔سکھ یاتری آج اپنے مقدس مذہبی مقام گوردوارہ سچا سودا کی یاترا کے بعد واپس گوردوارہ جنم استھان آ جائیں گے۔
باباگرونانک کے جنم دن کی 3روزہ تقریبات کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے انتہائی سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:سکھ یاتری بن کرآنے والا مشکوک بھارتی شہری ملک بدر
یاد رہے کہ گزشتہ روز سکھ یاتریوں کا روپ دھار کر آنے والے بھارتی شہری کو واہگہ بارڈر پر امیگریشن حکام نے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد گرفتار کر کے واپس بھارت بھیج دیاتھا،گورمیت سنگھ مشکوک سرگرمیوں کے باعث پہلے ہی بلیک لسٹ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سے پہلی ٹرین 900 یاتریوں کو لے کر پاکستان میں داخل ہوئی تھی جس کے دوران مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے ملک بدر کردیا گیا۔