کراچی: نومنتخب علیل گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) سے روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نومنتخب گورنر سندھ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سعید الزماں صدیقی کو انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں منتقل کردیا ہے۔
ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر گورنر سندھ کے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔
پڑھیں: ’’ گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل ‘‘
نومنتخب گورنر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں داخل کروانے کامشورہ دیتے ہوئے مختلف ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔