جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کون پسند ہے؟ خان کی فہرست میں فواد خان کو بھی شامل کرو، ٹوئنکل کھنہ

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بھارتی ہندو انتہاء پسندوں کی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود انڈیا میں پاکستانی فنکاروں کی شہرت بدستور برقرار ہے، دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ حالات کے بعد بھی اداکار فواد خان کے چرچے زبانِ زدِ عام ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میزبان کرن جوہر کے پروگرام ’’کافی ود کرن‘‘ میں معروف بالی ووڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ اور اُن کے شوہر اکشے کمار کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔

پروگرام میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس طرز کے کسی بھی ٹی وی شو میں وہ پہلی بار شرکت کررہی ہیں۔ اپنی حاضر جوابی سے مشہور اداکارہ کھنہ نے میزبان کے ہر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہیں خاموش کروایا۔

اس موقع پر اداکارہ کے شوہر اکشے اپنی زوجہ کو خاموشی سے دیکھتے رہے، ایک موقع پر میزبان نے بتایا کہ وہ اور ٹوئنکل کھنہ ایک ہی اسکول میں تعلیم حاصل کرتے تھے اور کرن جوہر دورہِ طالبِ علمی میں اکشے کمار کی زوجہ کے دیوانے تھے۔

twinkle

پروگرام کے خاص حصے ’’ریپڈ فائر‘‘ راؤنڈ میں دلچسپ موڑ تب آیا جب میزبان کرن جوہر نے ٹوئنکل کھنہ سے بالی ووڈ کے تین خانز عامر، شاہ رخ اور سلمان میں سے پسندیدہ اداکار کون ہے سے متعلق سوال کیا گیا۔

سوال کے جواب میں ٹوئنکل کھنہ نے کرن جوہر کے سوال کا مذاق بناتے ہوئے کہا کہ ’’اپنے سوال میں ایک اور خان ’’فواد خان‘‘ کا نام بھی شامل کرو پھر جواب دوں گی کہ کون سا خان سب سے زیادہ پسند ہے‘‘۔ مہمان اداکارہ کا جواب سُن کر کرن جوہر  بالکل خاموش ہوگئے اور اکشے کمار اس جواب پر مسکراتے نظر آئے۔


پڑھیں: ’’ پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں، اجے دیوگن ‘‘


 یاد رہے پاکستانی فنکار فواد خان بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، ان کی اداکاری دیکھتے ہوئے کرن جوہر نے فواد خان کو اپنی نئی فلم اے دل ہے مشکل میں شامل کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  ’’ فلم اے دل ہے مشکل کی ریلیز، بھارتی انتہا پسندوں نے 5 کروڑ مانگ لیے ‘‘


پاک بھارت کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں حالات کی خرابی کے بعد بھارتی انتہاء پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں دی گئیں تھی اور ملک چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ہندو انتہاء پسندوں کی ان دھمکیوں پر بالی ووڈ کے معروف ستاروں نے مذمت کی تھی مگر انہیں بھی بے جے پی کے غنڈوں کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا رہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں