لاہور : پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور میں ہر شعبے میں حالات بدترین ہوتے جارہے ہیں، نمائشی اسکیموں کی فاتحہ پڑھنے کے بعد سود کی ادائیگی کی جارہی ہے، ہر شعبہ زوال کا شکار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پرویز الٰہی نے شریف برادران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا چھوٹا بھائی سرکاری اسپتال اور اسکول ٹھیکے پر دے رہا ہے اور سستی روٹی اسکیم کے نام پر بینکوں کو سود ادا کیا جارہا ہے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہمارے شروع کیے گئے منصوبوں کو پنجاب میں ادھورا چھوڑدیا گیا ہے، جو کہتے ہیں کہ ہم مارشل لاء کی پیداوار ہیں تو وہ اپنی معلومات ٹھیک کرلیں، ہم اس وقت سے سیاست میں ہیں جب ان لوگوں نے سیاست کے بارے میں سوچا بھی نہیں ہوگا۔
بھٹو صاحب کے دور میں بھی ہم نے صعوبتوں کا مقابلہ کیا ہے، الزامات لگانے والے ثبوت دیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ادویات ہیں نہ ضروری آلات اور نہ ہی مریضوں کیلئے کوئی سہولیات، انہوں نے کہا کہ پیلی ٹیکسی اسکیم کے بعد نیلی اسکیم بھی فیل ہوگئی ہے۔