دبئی : سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان واپس آنے کااعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جلاوطن نہیں ہوا، جلد وطن واپسی ہوگی۔آصف علی زرداری آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہے تھے جو 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ہی ہفتے میں پاکستان واپس آجاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے جلاوطن نہیں کیا گیا بلکہ خود ہی ملک سے باہر رہ رہا ہوں۔
صدرآصف زرداری نے اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو انوکھا لاڈلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کھیلنے کو چاند مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے چاند کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری مراد وزارت عظمیٰ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کپتان پاناما کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئے ہیں، عدالت عظمیٰ کے کمیشن کا کوئی نتیجہ نہ نکلا تو کیا فائدہ ہوگا، جمہوریت کا ارتقا سپریم کورٹ میں نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہو گا۔
اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابرشاکر کے مطابق سابق صدر آصف زرداری ستائیس دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کرکے اہم خطاب بھی کریں گے، اس موقع پر وہ پیپلز پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے.
مزید پڑھیں : تنگ کیا گیا تو جرنیلوں کا کچا چٹھا کھول دوں گا، آصف زرداری
بیورو چیف کے مطابق آصف علی زرداری آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہے تھے جو 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں، جس کے بعد سابق صدر وطن واپس آجائیں گے۔
آصف علی زرداری نے ایک جلسے کے دوران متنازعہ تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب بلے کو دودھ نہیں پینے دینا ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ رہنے والے ہیں اور کچھ لوگ تین سال کیلیے آتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔
اس بیان پر سیاسی تجزیہ نگاروں اور مبصرین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا یا تھا۔ یہ بیان دینے کے کچھ روز بعد آصف علی زرداری علاج کے سلسلے میں امریکہ روانہ ہو گئے۔