کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں سے 3 مبینہ دہشت گردوں سمیت 10 ملزمان گرفتار کرلیے۔ گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم کے سہولت کار بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی جس میں افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں سمیت کالعدم تنظیموں کے سہولت کار گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس نے صدر ٹاؤن کے علاقے پریڈی میں ٹارگٹڈ کارروائی کی۔ چھاپے میں 3 مبینہ دہشت گرد پولیس کے ہاتھ لگے۔ ایس پی صدر عرفان سموں کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان سے عسکری تربیت لے چکے ہیں۔ انہوں نے ملزمان سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب لیاری آگرہ تاج کالونی میں ہونے والی کارروائی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے 4 ملزمان گرفتار کر لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کالعدم تنظیم کی مالی معاونت کرتے تھے۔
قائد آباد پولیس نے بھی 3 ڈاکوؤں کوحراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے 2 ٹی ٹی پستول اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ سولجر بازار سے اسٹریٹ کرمنل عبدالکریم اسلحے سمیت پکڑا گیا۔