جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

فاروق ستار اور اُن کے رفقاء جلد پی ایس پی میں‌ ہوں گے، انیس قائم خانی

اشتہار

حیرت انگیز

حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت ان کے رفقاء کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد پی ایس پی میں شامل ہوں گے۔

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر9 میں واقع اسکائوٹ گراؤنڈ پر پی ایس پی کی جانب سے 25 نومبر کو ہونے والے جنرل ورکرز اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کو کام کرنے سے روکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اپنے ہی غلط اعمال نے کام کرنے سے روکا تھا اور آئندہ عوام بھی انہیں مسترد کردے گی۔ ایک سوال میں انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، صحافیوں کے توسط سے ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ان کے تمام رفقاء کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔ پی ایس پی کے صدر نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر فاروق اور اُن کے رفقاء جلد ہی ہماری شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف ہو یا عمران خان، نواز شریف ہو یا آصف علی زرداری ہم تمام سیاسی رہنماؤں کی عزت کرتے ہیں، پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال کی دبئی میں پرویز مشرف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، خواجہ اظہار کا پرویز مشرف سے ملنا یہ ان کی اپنی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

انیس قائم خانی نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چاروں اطراف سے پاکستان پر حملہ آور ہے، بلوچستان ہو یا فاٹا یا پھر کراچی، بھارت اندرونی طور پر پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے جس کا مقصد سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا ہے اور اسی لئے بھارت لائن آف کنٹرول سمیت معصوم شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہا ہے۔

پی ایس پی کے صدر نے کہا کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑٖ جواب دے رہی ہے، ہر پاکستانی کو پاک فوج کا ساتھ دینا چاہئے اور حکومت ایسی خارجہ پالیسی تشکیل دے جس کے ذریعے بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کو بے نقاب کیا جائے۔

پاک سرزمین پارٹی کے صدر نے کہاکہ 25 نومبر کو حیدرآباد میں شاندار جنرل ورکرز اجلاس ہوگا جو ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں