لاہور: ہربنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں، انہیں آج صبح گھر واپس جاتے وقت نشانہ بنایا گیا تھا۔
تفصیلات کےمطابق اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اپنی گاڑی میں محافظ کے ہمراہ تقریب سے واپس آرہی تھیں کہ ہربنس پورہ کے مقام پر مسلح موٹر سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اداکارہ اور اُن کا محافظ زخمی ہوا۔
فائرنگ کے بعد اداکارہ اور محافظ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُن کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں، اسپتال انتظامیہ کے مطابق اداکارہ کے سر اور جسم میں 8 گولیاں لگای تھیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں جبکہ محافظ کو ابتدائی طبی امداد دے کر اسپتال سے روانہ کردیا گیا ہے۔
پڑھیں: ’’ لاہورمیں اسٹیج اداکارہ قاتلانہ حملے میں زخمی ‘‘
واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر خول اکھٹے کرلیے جبکہ محافظ کا بیان قلم بند کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو 8 گولیاں لگیں تھیں۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اداکارہ پر اس سے قبل بھی دو بار قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں یہ واقعہ ڈکیتی کا نہیں بلکہ قسمت بیگ کو باقاعدہ ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔