لاہور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو وارننگ دی ہے کہ اگر اب انہوں نے صوبائی حکومت کے خلاف کوئی بات کی تو ایسا بم پھوڑیں گے کہ وہ یاد رکھیں گے، خیبرپختونخوا میں پولیس کا نظام تبدیل کردیا، پنجابی حکمران ہم سے سبق سیکھ سکتے ہیں۔
لاہور میں پروفیشنل فورم کی تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو ان کے اپنے بیٹے نے جھوٹا ثابت کر دیا، اس نے قطری شہزادے کے خط کو غلط قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’چوہدری نثار میرے دوست ہیں اور ان کے ساتھ بڑی رفاقت رہی ہے تاہم اب اگر انہوں نے میرے خلاف کوئی غلط بات کی تو ایسا بم پھوڑوں گا کہ وہ یاد رکھیں گے‘‘۔
پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پولیس کا نظام مکمل تبدیل کر دیا، پنجابی حکمران بھی ہم سبق سیکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے منشور پر سو فیصد کام شروع کیا ہے، ہمارے منشور میں میگا پراجیکٹس صحت، تعلیم اور پولیس کی اصلاحات شامل ہیں۔
پڑھیں: ’’ پرویز خٹک کا بابر اعوان سے رابطہ، حکومت کے خلاف مقدمہ درج کروانے پر مشاورت ‘‘
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کیخلاف ہائی کورٹ جا رہے ہیں تاکہ ڈکٹیٹر شپ کا محاسبہ ہوسکے، ہم ثابت کرینگے کہ تیس اکتوبر کو غیر آئینی آمرانہ طرز عمل اختیار کیا گیا۔