کراچی : شہر قائد کے میئر وسیم اختر اے این پی کے مرکزی رہنما شاہی سید کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ اے این پی کے رہنماؤں نے میئر کراچی کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی حریف کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مل بیٹھے۔ میئر کراچی وسیم اختر اختلاقات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
اس موقع پر اے این پی کے یونس بلوری، امیر نواب، رانا گل آفریدی اور عبدالمالک نے میئر کراچی کا استقبال کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر اور اے این پی رہنماؤں کے درمیان بلدیاتی مسائل پر تبادلہ خیال اور شہری مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں پارٹیوں نے باہمی رابطوں کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ساڑھے آٹھ سال ہوگئے، کراچی کی حالت جوں کی توں ہے، ہم ان پر کیسے اعتبار کرلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کا میئر ہوں, میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کرسب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مؤدبانہ گذارش ہے کہ کراچی کے مسائل ہم سب کے سامنے ہیں ہم یہاں سے منتخب ہوکر آئے ہیں، میرے ساتھ اے این پی کے چیئرمین وائس چیئرمین اورکونسلرز بھی ہیں ہم مل کر اس شہر کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لہٰذا کراچی والوں کو ان کا حق ملنا چاہیئے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ساتھ چلنے سے شہر کے مسائل سو فیصد نہ سہی 70 فیصد تو حل ہوں گے ہی انہوں نے کہا کہ کاش کراچی کے کچرے کے مسئلے پر ہی ہم سے مشورہ کرلیا ہوتا ہمارے پاس ٹیم اور وسائل ہیں ہم خود شہر سے کچرا صاف کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں وسیم اختر نے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما عمران اسماعیل کو بھی ٹیلی فون کیا اور ان سے کراچی کے مسائل کے حل کیلیے تعاون کی درخواست کی۔