نئی دہلی: بھارت میں پاکستانی سفیر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے بھارت جامع مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفیر عبد الباسط نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی خواہش ہے کہ معاملات آگے بڑھیں تاہم ہم صبر سے انتظار کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے سرد تعلقات میں کسی پیش رفت کا ہونا ممکن نہیں۔ اگر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں تعلقات پر جمی برف نہیں پگھلتی تو پھر کسی اور موقع کا انتظار کرنا ہوگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک نہیں مانگ رہا۔
پاکستانی فوج کو تیاری کے لیے وقت درکار نہیں، عبد الباسط *
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر بھارت پاکستان سے جامع مذاکرات کے لیے تیار نظر نہیں آرہا۔
عبد الباسط نے انٹرویو میں مزید کہا کہ دونوں ممالک مذاکرات کی راہ میں ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے چل رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہاں کی صورتحال نے معاملات کو مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات سے قبل ایل او سی پر فائرنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیئے۔