نئی دہلی: ویسے تو شیر کو جنگل کا بادشاہ کہا جاتا ہے، اور وہ کسی سے ڈرتا معلوم نہیں ہوتا، لیکن بعض اوقات وہ اپنے موڈ کا غلام بھی معلوم ہوتا ہے اور موڈ نہ ہونے پر شکار کا ارادہ بھی بدل دیتا ہے۔
بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں واقع جم کوربٹ نیشنل پارک میں کیمرے نے شیر کی ایسی ہی کشمکش کو قید کیا جس میں وہ سوچتا نظر آرہا ہے کہ آیا وہ حملہ کرے یا نہیں۔
پارک میں یہ واقعہ ایک سیاحتی گروپ کے ساتھ پیش آیا جس میں نصف افراد ایک گاڑی میں موجود تھے جبکہ بقیہ نصف ہاتھی کی سواری کر رہے تھے۔
شیر نے کچھ دیر سوچنے کے بعد ہاتھی کی طرف حملے کی نیت سے دوڑ لگائی لیکن شاید آدھے راستے میں اسے خیال آیا کہ اپنے سے دوگنی جسامت کے شکار پر حملہ کرنا کوئی عقلمندی نہیں، چنانچہ وہ اپنا ارادہ بدل کر واپس جھاڑیوں کی طرف چلا گیا۔
اس دوران اس نے جیپ میں موجود افراد پر حملے سے بھی گریز کیا۔
اس ویڈیو کو دیکھ کر یہی کہا جاسکتا ہے کہ شاید شیر کا پیٹ بھرا ہوا تھا اور وہ کچھ کھانے کے موڈ میں نہیں تھا۔