اسلام آباد : طیارے حادثے میں جاں بحق جنید جمشید کا جسد خاکی کراچی منتقل کیے جانے کے بعد ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارے حادثے میں جاں بحق جنید جمشید کا جسد خاکی نورخان ایئر بیس پر نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔
جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید کے مطابق نمازجنازہ معین کرکٹ اکیڈمی میں جمعرات بعد نماز ظہ ادا کی جائے گی۔ قوی امکان ہے کہ مولانا طاروق جمیل جنید جمشید کی نماز جنازہ کی امامت کریں گے۔
کراچی میں پی این ایس شفا اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا کہ دل دل پاکستان کا اس قوم نے حق ادا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ میں تینوں مسلح افواج کا بھی بے حد مشکور ہوں، جس طرح قومی پرچم میں میت کو لپیٹ کر یہاں بھیجا گیا، وہ ہماری فیملی کیلیے دلی تسکین کا باعث ہے، اس سے ہمارا غم ہلکا ہوگیا اور پتا چلا کہ جنید صرف میرا ہی نہیں پوری قوم کا بھائی تھا۔
انہوں نے مزید کہا میں اور میرے اہل خانہ پورے ملک کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے غم کو ہلکا کردیا۔
شہید جنید جمشید کی میت جب ان کی رہائش گاہ پر لائی گئی تو رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، اس موقع پر شہید کے صاحبزادے تابوت پر سر رکھ کرزارو قطار رو پڑے۔
مزید پڑھیں : جنید جمشید کے لواحقین ڈی این اےٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد میت وصول کریں گے، ڈاکٹرالطاف
اس سے قبل گذشتہ روز پمزاسپتال کے ڈاکٹر الطاف نے پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کو بتایا کہ جنید جمشید کے لواحقین ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد میت وصول کریں گے، پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید افراد میں سے ابتک تیرہ لاشوں کی شناخت مکمل ہوچکی ہے، مزید دو میتوں کی شناخت کاعمل ڈی این اے کے علاوہ جاری ہے۔
ڈاکٹرالطاف کا کہنا تھاکہ جنید جمشید کی میت کی شناخت ڈینٹل ہسٹری سے ہوئی، جبڑے، دانتوں کی ساخت اور فلنگ سے شناخت ممکن ہوئی۔
مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: جنید جمشید سمیت 47 افراد شہید
واضح رہے کہ سات دسمبرکو پی آئی اے کے اے ٹی آرطیارہ حادثےمیں عملےکے پانچ ارکان سمیت سینتالیس افرادجاں بحق ہوئے تھے۔