کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری رہے گا۔ دہشت گردوں اور پشت پناہی کرنے والوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے کراچی کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا اور افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ڈی جی رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں سندھ رینجرز کے کردار کو سراہا اور لیفٹینینٹ جنرل بلال اکبر کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
میجر جنرل محمد سعید نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں اندرونی و بیرونی طاقتوں کا پورا ادراک ہے جو شر پسند عناصر کو استعمال کر کے قیام امن میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، عسکری ونگ، اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
ڈی جی رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی مدد سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے مذموم مقاصد کو جڑ سے اکھاڑ کر کراچی میں پائیدار امن یقینی بنائیں گے اور مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔