وزیر اعظم نواز شریف بوسنیا کے دورے کے دوران وزیر اعظم کے آفس پہنچ گئے۔ اس موقع پرمسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح وزیر اعظم بوسنیا پہنچے تھے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر بوسنیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ڈینیس نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔
بوسنیا کے وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان سے وزیر اعظم نواز شریف کا تعارف کروایا جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کروایا گیا۔
وزیر اعظم کے دورے کے موقعے پر ان کی اہلیہ کلثوم نواز اور ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔
وزیر اعظم نوازشریف بوسنیا ہرزگوینیا کے ہم منصب کی دعوت پر گئے ہیں۔ وہ 3 روزہ سرکاری دورے میں وہاں کی پارلیمانی اسمبلی کے ارکان اور دیگر سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس دوران وزیر اعظم بزنس فورم سے خطاب کے علاوہ چیمبر اور سرمایہ کاروں کی مختلف تنظیموں کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دورہ بوسنیا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔