کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہونہار کھلاڑی احمد شہزاد کو تنازعات میں گھرے رہنے کا شوق ہے، قومی ون ڈے کپ میں امپائر کے فیصلے پر احتجاج احمد شہزاد کو مہنگا پڑ گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں ہمیشہ تنازعات کی زد میں نظر آتے ہیں، کراچی میں کھیلے جانے والے ڈومیسٹک میچ میں امپائر کے فیصلے پر احتجاج احمد شہزاد کو مہنگا پڑ گیا۔
پیر کے دن نیشنل اسٹیڈیم میں حبیب بینک اور سوئی نادرن گیس کے درمیان دلچسپ میچ میں محمد حفیظ کی گیند پر امپائر راشد ریاض نے احمد شہزاد کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا جو قابل قبول ثابت نہ ہوا۔
پڑھیں: ’’ احمد شہزاد اورعمراکمل ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کرتے تھے، شہریار خان ‘‘
احمد شہزاد امپائر کے فیصلے پر غصے میں آئے اور الجھ پڑے جس پر انھیں جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ انتظامیہ نے میچ میں بدنظمی پیدا کرنے پر احمد شہزاد کو بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
خیال رہے احمد شہزاد کا پاکستان پریمئیر لیگ میں احمد شہزاد اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے احمد شہزاد کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی جاری رہی تو بگڑے بچوں کی قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے۔