اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی بریت کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کر دیا۔ ایم این اے جمشید دستی کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ آئندہ سماعت پر بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ محکمہ پراسیکیوشن نے جمشید دستی کی جعلی ڈگری کیس میں بریت کو چیلنج کر رکھا ہے۔
محکمہ پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جمشید دستی کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے شواہد نظرانداز کر کے جمشید دستی کو بری کیا۔
محکمہ پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ جمشید دستی کی بریت کالعدم کر کے سزا بحال کی جائے۔
عدالت نے ایم این اے جمشید دستی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔