اشتہار

شارجہ، مسجد سے رقم چرانے والا نوجوان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

شارجہ : نوجوان لڑکے کو مسجد کے چندہ بکس سے پیسے چوری کر تے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ کو آپریٹیوسوسائٹی کی مسجد عبداللہ بن عمر کی انتظامیہ کو چندے کے ڈبے سے رقم غائب ہونے کی شکایات کا سامنا تھا، چور کو پکڑنے کے لیے ایک ملازم کو چندے کے باکس کی خفیہ نگرانی کی ذمہ داری دے دی گئی تھی جس نے ظہر کی نماز کے بعد ایک نوجوان لڑکے کو رقم چراتے ہوئے دیکھ لیا اور تصاویر کھینچ کر پولیس کو آگاہ کردیا۔

شارجہ پولیس نے مسجد انتظامیہ کی شکایت اور ثبوت فراہم کرنے کے بعد 17سالہ عرب نوجوان کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا ہے جہاں ملزم سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا ہے کہ عرب نوجوان کو مسجد کے چندہ باکس سے 250 درہم چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ لڑکا ظہر کی نماز کے بعد عبداللہ بن عمر بن الخطاب مسجد میں داخل ہوا اور پیسے چراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔

شارجہ پولیس نے نوجوان کو عدالت میں پیش کردیا ہے جہاں ملزم نے تمام الزامات سے یکسر انکار کر دیا جب کہ ملزم کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے۔

پولیس نے موقف اختیار کیا کہ مسجد کی صفائی کرنے والے ملازم نے لڑکے کو چیرٹی باکس کے نزدیک کھڑے ہوکر ہینگر تار کی مدد سے پیسے نکالتے ہوئے دیکھا اور تصاویر اتارلیں جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا تھا۔

مسجد عبداللہ بن عمر کے ملازم نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ لڑکے نے چندہ باکس سے رقم چرائی جس کی موقع پر تصاویر بنا لی تھیں جو کہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے بھی کر دی گئی ہیں۔

شارجہ پولیس نے عدالت کو مزید بتایا کہ یہ نوجوان لڑکا دیگر نامعلوم لڑکوں کے ساتھ مل کر دیگر مساجد کے چندہ باکس سے بھی پیسے چرانے میں ملوث ہے۔

عدالت نے فریقین اور گواہ کے بیانات سننے کے بعد کیس کی سماعت اگلے مہینے تک ملتوی کر دی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں