حیدر آباد : مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اب حکومت سے مفاہمت نہیں مقابلہ ہوگا، اپنی اڑان کل بی بی کی برسی میں بتائیں گے، پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائی حکومت کو بھگتنا پڑے گی، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصرشاہ نےبھی انورمجید کےخلاف کارروائی میں بھی چوہدری نثار کی جانب انگلی اٹھادی۔
تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے وزراء نے ایک بارپھر چوہدری نثار پر چڑھائی کردی۔
مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائی حکومت کو بھگتنا پڑے گی، آپ کے ظلم و ستم سے پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو گی۔ ایک ماہ پہلے تک حکومت پریشان تھی لیکن راحیل شریف کے جانے سے اس میں جان آ گئی ہے۔ ان ہمراہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصرشاہ بھی موجود تھے۔
مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ وزراء کہتے تھے کہ فوج اور ہم ایک صفحے پر ہیں لیکن اب نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مقدمات بنائے جو انتقامی کارروائیاں کرنا چاہے کر لے لیکن اس کے نتائج اسے بھگتنا ہی پڑیں گے۔ ہم محب وطن ہیں اور ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔ آپ کے ظلم و ستم سے پارٹی کی رفتار سست تو ہو سکتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں : آصف زرداری کی واپسی سے مخالفین میں کھلبلی مچ گئی ہے، مولا بخش چانڈیو
بینظیر بھٹو شہید ہو گئیں مگر پی پی آ ج بھی قائم ہے، اسے ختم کرنے کی سوچ لئے کئی لوگ مر کھپ گئے۔ ناصر شاہ نے کراچی میں انورمجید کے خلاف کارروائی میں بھی چوہدری نثار کی جانب انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں رینجرز کے لیےبھی سوالیہ نشان ہیں۔
مزید پڑھیں : رینجرز کی کارروائیوں سے سیاسی انتقام کا تاثر ابھرا، مولا بخش
ڈی جی رینجرز کو دیکھنا ہوگا کہ کوئی انہیں ناکام کرنا تو نہیں چاہتا، انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف زرداری یہ بات کہہ چکے ہیں کہ انورمجید سے ان کےقریبی تعلقات ہیں جس کا وہ انکار نہیں کرتے۔ وزیرداخلہ کےاشارے پر انورمجید کے خلاف کارروائی کی گئی۔