کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے شوکت خانم اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 3 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ عمران خان نے کراچی میں شوکت خانم اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 29 دسمبر 2019 کو اس اسپتال کا افتتاح کردیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں اپنی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے باہر گیا تب مجھے احساس ہوا کہ یہ کتنا تکلیف دہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 90 فیصد کینسر کے مریض اپنا علاج نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کے صرف علاج پر 26 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ اسپتالوں اور مشینوں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ اللہ نے برکت ڈالی اسی لیے اسپتال کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق عمران خان کراچی کے دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل میں دفتر کا افتتاح اور ممبر شپ مہم کا آغاز بھی کریں گے۔ شام 6 بجے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کے بعد وہ تعزیت کے لیے جنید جمشید کے گھر جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف لیاری شاہ ولی اللہ روڈ بھی جائیں گے۔ جمعہ کو عمران خان کارساز پر پارٹی کابینہ سے ملیں گے۔ دورے کے تیسرے روز عمران خان وکلا اور تاجر برادری سے ملاقاتیں کریں گے۔