کراچی : صوبائی وزیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر، ڈی جی رینجرز سمیت تمام اداروں نے سندھ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے.
صوبائی وزیر اطلاعت مولا بخش چانڈیو نے یہ بات اپیکس میٹنگ کے اختتام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی، انہوں نے وفاقی حکومت کے عدم تعاون کی شکایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے مدارس سمیت غیرقانونی اسلحہ کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔
وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح طور پر عمل پیرا نہیں ہے اگر سندھ میں اسلحہ پکڑا جاتا ہے تو یہ کوئی حل نہیں ہے سندھ میں اسلحہ نہیں بنتا بلکہ دیگر صوبوں سے آتا ہے جس کے روک تھام کی ذمہ داری وفاق پر ہے.
انہوں نے کہا کہ مدارس کا معاملہ ہو یا فرقہ ورانہ تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی کا معاملہ ہو وفاق حکومت کی کارکردگی صفر نظر آتی ہے، وفاقی حکومت کے پاس کرنے اوردکھانے کو کچھ نہیں رہا تو سندھ کے معاملے میں ٹانگ اڑاتے ہیں، آئی جی سندھ اجلاس میں شریک تھے اور سندھ حکومت کی کارکردگی پر خوش بھی تھے.
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان لڑائی کروانے کی کوشش کی گئی لیکن اداروں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے نتائج سامنے آئے ہیں، نئے کور کمانڈر بہت نرم مزاج آدمی ہیں جب کہ نئے ڈی جی رینجرز بھی بہت اچھے ہیں اور دونوں نے سندھ حکومت کے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم اہم مسئلہ ہے کیونکہ ہم اوپر کچھ بھی کریں لیکن اگر گلیوں میں عوام محفوظ نہیں تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، یہ اہم معاملہ ہے لہذا وزیراعلیٰ نے اسٹریٹ کرائم ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔