کراچی : وزیرِ صنعت و تجارت سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ نئے سال میں پیلزپارٹی ’امپروو‘ ہوگی جب کہ بقیہ جماعیتں ’ لوز‘ کریں گی، یہ چیلنجزکا سال ہے اور بالخصوص جنوری کا مہینہ حکومت وقت کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
صوبائی وزیر منظور وسان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال حکومت کے لیے مشکل ثابت ہو سکتا ہے اور بڑے فیصلے آنے سےمیاں صاحب کی حکومت ہچکولے بھی کھا سکتی ہے۔
پیش گوئی کے لیے مشہور صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے نئے سال کے لیے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی اور سیاسی پوزیشن میں بہتری دکھائے گی جب کہ دوسری جماعتیں اس سال اپنی شہرت اور سیاسی ساکھ کھو بیٹھیں گی۔
انہوں نے کہ اعلیٰ قیادت کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے سندھ میں بڑے بڑے عوامی منصوبے شروع ہوں گے جس سے سندھ کے عوام مستفید ہوں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے سربراہ تحریک انصاف کا نام لیے بغیر ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں لانگ مارچ کریں گے تو گرمی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس منطقی انجام تک پہنچتے نظر آئے یا نہ آئے لیکن یہ بات ساری دنیا مانتی ہے کہ حکومت پاناما کے معاملے کو از خود طول دے رہی ہے۔