لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک پورٹر نے دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافر کے گمشدہ ڈھائی لاکھ روپے واپس کردیے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ لاہور واصف محمود کے مطابق کراچی سے آنے والا مسافر فرحان علی رقم سے بھری اپنی تھیلی ایئرپورٹ پر بھول گیا اور گھر چلا گیا، تھیلی میں 2 لاکھ 25 ہزار روپے نقد موجود تھے۔
یہ تھیلی پورٹر نمبر 30 عدیل کو ملی جس نے دیانت داری کی مثال قائم کرتے ہوئے اسے سول ایوی ایشن کی انتظامیہ کے حوالے کردیا، انتظامیہ نے مسافر کو گھر سے بلا کر رقم اس کے حوالے کی۔
دیانت داری کا مظاہرہ کرنے پر پورٹر کو سول ایوی ایشن کی جانب سے نقد انعام اور سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا۔
رپورٹر کے مطابق ایئرپورٹ پر پیش آنے والا یہ واقعہ دیانت داری کی بڑی مثال ہے کیوں کہ بیرون ملک و شہر سے آنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ کا عملہ دونوں ہاتھوں سے لوٹتا ہے اور مختلف مد میں ان سے پیسے اینٹھے جاتے ہیں۔
ملتان ایئرپورٹ پر مسافر کا لیپ ٹاپ واپس
دریں اثنا ملتان ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن عملے نے دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبئی سے آنے والی پروز ای کے 360 کے مسافر کا گمشدہ لیپ ٹاپ واپس کردیا۔
مسافر محمد الطاف نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ ادا کیا اور دیانت داری کی تعریف کی۔