کراچی : اشتہارات کے فنڈز میں کرپشن کے الزام میں سابق وزیراطلاعات شرجیل میمن کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ، عدالت نے شرجیل میمن کو چودہ جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب روپے سے زائد کی بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت ہوئی ، جس میں سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، شر جیل میمن کے خلاف اشتہارات کے فنڈ ز میں کرپشن کا الزام ہے۔
شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ علیل ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں جس کیوجہ سے وہ عدالت پیش نہیں ہوسکے۔ نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پی پی رہنما جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے ہیں اس لئے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
مزید پڑھیں : دبئی میں شرجیل میمن کی اچانک طبیعت ناساز، اسپتال منتقل
خیال رہے کہ شرجیل میمن کی چھبیس دسمبر تک حفاظتی ضمات منظور ہوئی تھی، شرجیل میمن چھبیس دسمبر تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے شرجیل میمن کو چودہ جنوری تک گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے دبئی سے لائیو بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ رواں ماہ اکتوبر میں ہی وطن واپس آکر نہ صرف مقدمات کا سامنا کروں گا بلکہ بے بنیاد مقدمات سے بری بھی ہوجاؤں گا، پہلے بھی مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے امید ہے یہ بھی جھوٹے ثابت ہوں گے۔
مزید پڑھیں : پی پی رہنما شرجیل میمن کا رواں ماہ وطن واپسی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے مجھے انصاف نہ ملے میں بیمار ہوں، میرا علاج ہورہا ہے اس کے باوجود پاکستان آرہا ہوں چونکہ سیاسی ورکر ہوں اس لیے مقدمات کا سامنا ضرور کروں گا۔