اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد ملک کے مستقبل کے لیے ہے وزیر اعظم بننے کے لیے نہیں۔ صادق اورامین کے معاملے پرپارلیمنٹ جاتی ہے تو جائے مگر ملک بچ جائے، پانامہ لیکس میں وزیراعظم کی ساکھ پر سوالیہ نشانات اٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبودیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران ایک بار پھر ن لیگ پر برس پڑے اور کہا کہ پاناما عوام کا ایشو ہے اور وہ یہ جدوجہد وزیراعظم بننے کے لیے ہرگز نہیں کررہے۔
عمران خان خان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبودیا۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کا نام دنیا بھر کے اخبارات میں آیا، پانامہ لیکس انکشافات میں وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف ثبوت آگئے ہیں۔ نوازشریف اوران کے بچوں کا نام آیا توہم نے جواب طلب کیا۔
نواز شریف نے اسمبلی میں جو باتیں کیں وہ جھوٹی نکلیں اور نواز شریف نے لکھی ہوئی تقریر پڑھی، انہوں نے پارلیمنٹ سے ایک اور قوم سے دو خطاب کیے لیکن سچ پھر بھی نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد اس لئے کررہے ہیں کہ پاکستان کے ادارو ں کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ٹیکس کولیکشن کیسے بڑھے گی جب ملک کا وزیراعظم ہی کرپٹ ہوگا۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ڈاکوﺅں کا احتساب ہونا چاہیے جب تک احتساب نہیں ہوتا انصاف نہیں مل سکتا۔