کراچی : جامعہ کراچی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ رجسٹرار جامعہ کراچی عارف حیدر کو گرفتار کرلیا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کردیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جامعہ کراچی میں کارروائی کی ، اس دوران اسسٹنٹ رجسٹرار جامعہ کراچی عارف حیدر کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار عارف حیدر کا تعلق سیاسی جماعت کے لندن ونگ سے ہے، عارف حیدر کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان رینجرز نے کورنگی ، جمشید ٹاؤن، اور سٹی ایریا میں کارروائیوں کے دوران ایک سیاسی جماعت کے کارکن سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
سعودآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق ملزم صدام حسین عرف صاحب آٹھ افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم سے دستی بم ،سیون ایم ایم رائفل اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
نیو کراچی میں رات گئے پولیس مقابلے میں دوملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔