حیدرآباد: مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرزکےاختیارات کامعاملہ جلد حل ہوجائےگا مگر ایک جماعت اس معاملے کو سیاست کی نذر کرکے خود کو زندہ رکھنا چاہتی ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ ایک دو روز میں حل ہوجائے گا، کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کرکے خود کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، آج بھی ایک جماعت ہے جو کچھ نہیں کرسکتی وہ اس معاملے کو سیاست کی نظر کرنے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم نے قربانی دی، قربانیاں دینے کے باوجود دہشت گردوں کی حمایت کی جائے تو سب کو تکلیف ہوگی اور ساری کوشش رائیگاں جائے گی۔
پڑھیں: ’’ رینجرز اختیارات : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرادی ‘‘
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی دہشت گردوں کے حمایتی ہیں، وہ یاد رکھیں کہ حمایت دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے، یہ کیسی سیاست ہے کہ تحفظات بیان کرنے پر غداری کا الزام لگادیا جائے اور خود کو محب وطن ثابت کرنے کے لیے وزیر داخلہ کی تعریف کی جائے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ن لیگ میں کبھی بھی وفاق کاچہرہ نہیں دیکھا اور حکومت نےاداروں کوحدودمیں رہ کام کرنےکااشارہ نہیں دیا۔