اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم موٹو گینگ سے پوچھتی ہے کیا عمران خان کو گالیاں دیں۔ اگر عمران کو گالیاں نہ دیں تو وزیر نہیں بناؤں گی۔ ن لیگ کا تاثر ہے کہ عمران خان کو برا کہیں تو شائد کیس میں نرمی ہوجائے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا تاثر ہے کہ عمران خان کو برا کہیں تو شائد کیس میں نرمی ہوجائے۔ یہ کوئی وضاحت نہیں ہے۔ ’میں تو کرپٹ ہوں مگر آپ بھی کرپٹ ہیں۔ مجھ پر حملہ کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، منی ٹریل دینا پڑے گی‘۔
عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے ہمیشہ کہا کہ بیرون ملک ہماری کوئی جائیداد نہیں۔ آپ نے جائیداد تسلیم کی تو بار ثبوت بھی اب آپ کے اوپر ہے۔ نواز شریف کا وکیل ایک بھی دستاویز عدالت میں پیش نہیں کرسکا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا تھا میں کوئی استثنیٰ نہیں لوں گا۔ اب یہ لوگ مختلف آرٹیکل کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ خود نواز شریف تحریری تقریر سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیصلہ خلاف آیا تو لوگ سٹرکوں پر آجائیں گے۔ اسی جماعت نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ یہاں سے پیسہ چوری کر کے دبئی میں ساڑھے 7 ارب روپے کی جائیداد لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مریم موٹو گینگ سے پوچھتی ہے کہ کیا عمران خان کو گالیاں دیں۔ اگر عمران کو گالیاں نہ دیں تو وزیر نہیں بناؤں گی۔