راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ بھارت کی پانچویں بار خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی فوجیوں نے پانچویں بار فائرنگ کی ہے۔
فائرنگ کے سبب ابھی تک کسی کےزخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
بھارتی فوجیوں کی جانب سے آئے روز بلا جواز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا سلسلہ ابھی سے نہیں، کئی ماہ سے جاری ہے، حکومت پاکستان اور پاک فوج کے مطابق بھارتی جارحیت کا مقصد کشمیر میں جاری تحریک آزادی کا ایشو دبانا ہے جو کہ کشمیری حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سے شدت اختیار کرچکی ہے۔
قبل ازیں سابق آرمی چیف راحیل شریف نے عہدے پر رہنے کے دوران بیان دیا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی تعداد ہمارے فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تعداد سے زیادہ ہے لیکن بھارت اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرکے بتاتا ہے۔