فیصل آباد: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں ہونے والے ضلع کچہری کے انتخابات ختم ہوتے ہی وکلاء جدید اسلحہ ہاتھوں میں تھامے جشن منانے لگے اور شدید ہوائی فائرنگ کی ، اے آر وائی نیوز نے معاملہ اٹھایا تو سی پی اور افضال احمد نے نوٹس لیتے ہوئے وکلاء کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
نمائندہ اے آر وائی قمر زمان کے مطابق فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نتائج سامنے آتے ہی وکلا آپے سے باہر ہوگئے اور قانون کے رکھوالے خود ہی دھجیاں بکھیرنے میں مصروف ہوگئے۔
فیصل آباد ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے نتائج میں ابوبکر عبدللہ جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے تو اُن کے حامیوں نے جدید اسلحہ ہاتھوں میں تھاما اور تمام قوانین کو بالائے طاق رکھا اور جدید اسلحے سے فائرنگ میں مشغول ہوگئے جس کے بعد ضلع کچہری کی فضا شدید فائرنگ سے گونجنے لگی۔
قمر زمان کے مطابق الیکشن کے دوران اسلحے کی نمائنش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر وکلاء جیت کے موقع پر قانون ہی بھول گئے، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریزاں نظر آئے اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا جبکہ دورانِ فائرنگ پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔
اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہوئی تو سی پی او نے ضلع کچہری میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فائرنگ کرنے والے وکلا کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کریں، سی پی او کے احکامات کے بعد پولیس کی بھاری نفری ضلع کچہری پہنچی اور فائرنگ میں ملوث وکلا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یاد ہے فیصل آباد کی ضلع کچہری میں سی پی او افضال احمد کا دفتر موجود ہے جبکہ سی پی او اور آر پی ہاؤس بھی قریب میں ہی واقع ہیں۔