کراچی : بجلی گھر کو کوئلہ ترسیل کرنے کیلئے امریکی ساختہ ریلوے انجن کراچی پہنچا دیئے گئے ہیں، انجن ساہیوال کول پاور پلانٹ کو کوئلے پہنچانے کے کام آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی گھروں کو کوئلے کی ترسیل کیلئے امریکی ساختہ ریلوے انجن کراچی پہنچ گئے ہیں، ابتدائی مرحلے میں پچپن میں سے سات انجن کراچی بندرگاہ لائے گئے ہیں۔
کراچی میں سی ای او ریلوے جاوید انور نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ یہ زیرو میٹر انجن چار ہزار ہارس پاور اور فریٹ ٹرینوں کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ریلوے کے زرئعے سامان کی ترسیل سستی ہوگی، آنے والے تمام انجن فریٹ میں استعمال میں لائے جائیں گے، نئے انجن کی آمد سے شعبے کا منافع پچیس ارب روپے سالانہ سے بڑھ جائے گا، چھبیس جنوری کو پہلی فریٹ ٹرین سہیوال کول پلانٹ کوئلہ کے جائے گی۔
جاوید انور کا کہنا تھا انجنز کی خریداری کے بعد دوسرے مرحلے میں نئی ویگنز خریدی جائیں گی، جس کی لوڈنگ کپیسٹی ستر ٹن ہو جائے گی۔
امریکی ساختہ ریلوے انجن چار ہزار ہارس پاور کے ہیں، یہ انجن ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کوئلے کی ترسیل کیلئے استعمال ہوں گے، ریلوےانجن تین ہزار چار سو ٹن وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان نے ریل گاڑی کے پچپن انجن امریکی کمپنی سے خریدے ہیں۔